سیاسی استحکام کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا،شاہد خاقان عباسی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کوئٹہ، سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جب تک ملک میں سیاسی انتشار ختم نہیں کیا جاتا، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان گزشتہ 10 سے 15 برسوں سے مسلسل سانحات کا شکار رہا ہے۔ صوبے کی سڑکیں غیر محفوظ ہوچکی ہیں، معیشت زبوں حالی کا شکار ہے اور نوجوان مایوسی کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ آخر بلوچستان میں یہ حالات کیوں پیدا ہو رہے ہیں؟

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے بغیر کوئی بھی ریاست ترقی نہیں کرسکتی۔ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے وسائل کی منصفانہ تقسیم ضروری ہے، ورنہ مسائل مزید گھمبیر ہوں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ ممکن نہیں کہ پاکستان ترقی کرے اور بلوچستان بدحالی کا شکار رہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے وسائل کو یہاں کے عوام، بالخصوص نوجوانوں تک پہنچانا ضروری ہے تاکہ امن قائم ہو اور احساس محرومی کا خاتمہ ہو۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب کی ذمہ داری ہے، مگر اس سے بھی اہم یہ جاننا ہے کہ یہ حالات پیدا کیوں ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اغوا اور قتل جیسے واقعات معمول بن چکے ہیں، اور اس کے باوجود اگر ہم سمجھیں کہ باقی ملک کے حالات درست ہیں تو یہ خود فریبی ہوگی۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہ کوئی رسمی دورہ نہیں، بلکہ مقصد یہ ہے کہ ملک بھر کے عوام یہ جانیں کہ بلوچستان کے لوگ کیا محسوس کرتے ہیں، اور وہ ملک سے کیا امید رکھتے ہیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter