راولپنڈی، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ وہ دہشت گرد گروہ جو بلوچ شناخت کو استعمال کرکے بدامنی پھیلا رہے ہیں، دراصل بلوچ قوم کے وقار کو مجروح کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات جی ایچ کیو میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 15ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے ملاقات کے دوران کہی، ورکشاپ میں بلوچستان کے سیاستدانوں، بیوروکریٹس، سول سوسائٹی، نوجوانوں، اساتذہ اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے ریاستی سطح پر جاری منصوبے اب ثمر آور ہو رہے ہیں اور ان کے مثبت اثرات عوام تک پہنچ رہے ہیں، انہوں نے سول سوسائٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے میں ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ بلوچستان میں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، لیکن ایسی تمام کوششیں جو خوف، انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنے کی نیت سے کی جا رہی ہیں، ناکام بنا دی جائیں گی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا نہ کوئی مذہب ہوتا ہے، نہ کوئی نسل اور نہ ہی کوئی شناخت، اس کے خلاف کامیابی صرف قومی اتحاد اور مضبوط عزم سے ہی حاصل کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن اگر ملکی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا تو بھرپور قوت کے ساتھ اس کا جواب دیا جائے گا، جنرل عاصم منیر نے یہ بھی یقین دلایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ عوام کی مکمل حمایت سے جاری رکھی جائے گی۔
ملاقات کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکاء نے کھل کر اپنے خیالات اور سوالات پیش کیے۔