سیالکوٹ، وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں حالیہ تباہی کی سب سے بڑی وجہ نالوں پر تجاوزات ہیں، یہ ہمارے بلدیاتی اداروں کی ناکامی ہے کہ جنہوں نے اس مسئلے پر قابو نہیں پایا۔
سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جموں سے نکلنے والے نالوں پر سیالکوٹ شہر آباد ہے، جب جموں سے پانی آتا ہے تو یہاں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔ نالوں پر تعمیرات کی وجہ سے پانی کا قدرتی بہاؤ رکا، اور نتیجے میں شہر میں شدید تباہی ہوئی۔
وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ یہ تباہی ہمارے بلدیاتی نظام کی کمزوری کو ظاہر کرتی ہے۔ "جب تک بلدیاتی ادارے مضبوط نہیں ہوں گے ایسے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ پورے ضلع سمیت نارووال میں بھی تباہی ہوئی ہے۔ جب پانی کے راستے میں تعمیرات ہوں گی تو پانی پھر اپنا راستہ خود بناتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے نتیجے میں شہر کا انفراسٹرکچر برباد ہوگیا ہے۔ "کرپشن کی انتہا ہوگئی ہے، سیلاب میں تمام سڑکیں بہہ گئی ہیں۔ کوئی پوچھنے والا ہے ایس ڈی او، ایکس ای این یا ٹھیکدار کو؟”
محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ، زیر تعمیر ہاسٹل اور تربیتی سہولیات کا معائنہ
خواجہ آصف نے کہا کہ جو کام سویلین اداروں کو کرنے چاہییں وہ پاک فوج کر رہی ہے۔ "فوج نے بھارت کے خلاف جنگ جیتی، اب قدرتی آفات سے لڑ رہی ہے۔ فوجی جوان عوام کی زندگیاں بچا رہے ہیں اور محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔”