راولپنڈی میں شدید بارش کے دوران فیز 5 ہاؤسنگ سوسائٹی میں ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی اور ان کی بیٹی تیز بہاؤ کے باعث کار سمیت برساتی نالے میں بہہ گئے، ریسکیو آپریشن جاری۔
راولپنڈی میں مون سون بارشوں کے باعث خطرناک صورتحال اختیار کر گئی ہے۔ منگل کے روز شہر میں شدید بارش کے بعد نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 5 میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک کار میں سوار باپ اور بیٹی برساتی نالے میں بہہ گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، متاثرین کی شناخت ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی اور ان کی 25 سالہ بیٹی کے طور پر ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، دونوں افراد سرمئی رنگ کی کار میں گھر سے نکلے، لیکن بارش کے پانی کے باعث قریبی سڑک پر گاڑی بند ہو گئی۔ اس دوران اسحاق قاضی گاڑی اسٹارٹ کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ تیز پانی کے بہاؤ نے گاڑی کو بہا لیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ باپ بیٹی مدد کے لیے پکارتے رہے، مگر پانی کا دباؤ اتنا شدید تھا کہ گاڑی چند لمحوں میں نظروں سے اوجھل ہو گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو 1122، غوطہ خور ٹیم اور ہاؤسنگ سوسائٹی کے اہلکار موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔
مون سون کی شدید بارشوں سے پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی ندی نالوں میں طغیانی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دورانِ بارش غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر ندی نالوں کے قریب گاڑیاں لے جانے سے پرہیز کریں۔
ریسکیو ٹیموں کا کہنا ہے کہ دونوں لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ جلد ان کا سراغ لگا لیا جائے گا۔