اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناءاللہ نے انکشاف کیا ہے کہ اگر پارٹی فیصلہ کرے تو مریم نواز کو وزارتِ عظمیٰ کا حلف شہباز شریف خود دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نہ صرف خود کو اس منصب کے لیے تیار کر رہی ہیں بلکہ پارٹی بھی انہیں مستقبل کی قیادت کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ شہباز شریف کا وژن ہے کہ پارٹی کی نئی نسل کو قیادت سونپی جائے، اور اگر وہ یہ سمجھیں کہ وقت آ گیا ہے تو وہ خود مریم نواز کے وزیراعظم بننے کی راہ ہموار کریں گے۔ ان کے مطابق مریم نواز وزیراعظم بننے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور موجودہ سیاسی منظرنامے میں ان کی متحرک قیادت نمایاں ہو رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن سے پہلے نواز شریف مسلم لیگ ن کے نامزد وزیراعظم تھے، تاہم بعد ازاں انہوں نے پارٹی اجلاس میں اعلان کیا کہ اگر اکثریت نہ ملی تو وہ وزارتِ عظمیٰ کا منصب قبول نہیں کریں گے۔ نواز شریف نے اپنی جگہ شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
مریم نواز کے بطور وزیراعلیٰ پنجاب کردار پر بات کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ وہ عثمان بزدار نہیں بلکہ ایک فعال اور وژنری لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم صرف پنجاب کی ترقی کی بات کرتی ہیں اور اگر کوئی ان کی بات کو غلط رنگ دے رہا ہے تو اسے روکا جائے گا۔
ملک میں تسلسل کا فیصلہ ہو چکا، مزید پانچ یا دس سال تک جاری رہے گا: رانا ثناءاللہ
محسن نقوی اور صدر آصف زرداری کے تعلق پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محسن نقوی آصف زرداری کے قریبی سمجھے جاتے ہیں اور اکثر ایوان صدر میں موجود ہوتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ انہیں اس بارے میں زیادہ تفصیلات معلوم نہیں۔
آخر میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ موجودہ سیاسی کشیدگی میں مفاہمت کے لیے صرف آصف زرداری اور نواز شریف جیسے رہنما ہی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کے بقول پارٹی قیادت اور منصبوں کا فیصلہ نواز شریف، شہباز شریف یا خود پارٹی کبھی بھی بدل سکتی ہے، اور مریم نواز بلا شبہ مسلم لیگ ن کی مستقبل کی لیڈر ہیں۔