اسلام آباد، راولپنڈی اور شمالی علاقوں میں طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری، کئی مقامات پر بجلی معطل، نقصانات اور احتیاطی اقدامات رپورٹ۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی ہواؤں، جھکڑ اور موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جس کے باعث متعدد مقامات پر نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام بڑے بل بورڈز ہٹانے کی ہدایت جاری کی ہے، اسسٹنٹ کمشنرز کو نشیبی علاقوں پر خاص نظر رکھنے کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔
مری میں شدید گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہوئی جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یکم جون تک موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
ٹیکسلا اور واہ کینٹ میں تیز آندھی اور بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، لیکن بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ عیسیٰ خیل میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، حسن ابدال میں آندھی کے باعث صرافہ بازار کی ایک دکان کی چھت کو نقصان پہنچا، تاہم جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
فتح جنگ اور گردونواح میں بھی شدید گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے اندھیرا چھا گیا اور بجلی بند ہو گئی۔
ایبٹ آباد اور گلیات کے سیاحتی مقامات پر بھی تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ جاری ہے، ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ لینڈ سلائیڈنگ والی جگہوں پر گاڑیاں پارک نہ کریں تاکہ کسی حادثے سے بچا جا سکے۔
بالائی علاقوں میں، خصوصاً لوئر اور اپر کوہستان میں بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ جیجال بازار کی طرف سیلابی ریلا آیا جس سے قراقرم ہائی وے بند ہو گئی۔
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں جیسے اٹھمقام، نیلم، لوات، دودنیال، شاردہ، اڑنگ کیل اور وادی گریس میں بارشوں سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے مگر مسلسل بارش کے سبب مقامی آبادی اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور شمالی علاقوں میں جاری طوفانی بارشوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش اور نقصانات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے بھی طوفانی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے، جس میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔