پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت میں اہم اور بڑی تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق، پارٹی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو عہدے سے ہٹائے جانے کی تجویز زیرِ غور ہے، اور ان کی جگہ جنید اکبر کو چیئرمین بنانے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی کی مرکزی تنظیم نو کا عمل جاری ہے، جس کے تحت دیگر اہم عہدوں پر بھی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کو بھی ان کے عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے، اور ان کی جگہ رؤف حسن کو یہ ذمہ داری سونپے جانے کی اطلاعات ہیں۔
یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کی جگہ قبائلی علاقے سے تعلق رکھنے والے سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا گیا ہے۔
علی امین گنڈاپور کے استعفے پر تاحال فیصلہ نہیں، گورنر خیبرپختونخوا دستخط کیے بغیر اسلام آباد روانہ
مزید برآں، استعفے کے بعد علی امین گنڈاپور کی سوشل میڈیا ٹیم ڈی آئی خان روانہ ہو چکی ہے، جس سے اشارہ ملتا ہے کہ وہ اپنی سیاسی سرگرمیاں اب کسی اور انداز میں جاری رکھیں گے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں نہ صرف تنظیمی ڈھانچے کو متاثر کریں گی بلکہ پی ٹی آئی کی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی گہرے اثرات مرتب کریں گی۔