شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بچے پاکستان آئیں گے، ان کے آنے کی تاریخ کا تعین باقی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بچے پاکستان ضرور آئیں گے اور اس میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں نے خود پاکستان آنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کے آنے کی تاریخ کا تعین ہونا باقی ہے۔ شیخ وقاص کے مطابق جب بچوں نے فیصلہ کیا تو والد کو صاف الفاظ میں آگاہ کیا کہ وہ اجازت نہیں لے رہے بلکہ اطلاع دے رہے ہیں، لہٰذا اس حوالے سے پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے کا کوئی فائدہ نہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے قطعاً نہیں روکا اور ایسی باتیں سراسر غلط ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ذرائع کے حوالے سے خبر سامنے آئی تھی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے بیٹوں قاسم اور سلیمان کو پاکستان نہ آنے کی ہدایت کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق دونوں بیٹے اپنے والد کی رہائی کے لیے تحریک چلانے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم انہیں پاکستان نہ آنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ اب شیخ وقاص اکرم کے بیان نے اس تاثر کو رد کر دیا ہے اور واضح کر دیا ہے کہ بچوں نے خود مختارانہ فیصلہ کیا ہے۔