صدر زرداری اور محسن نقوی کا اقلیتوں کے قومی دن پر پیغام، بھائی چارے اور مساوات پر زور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

صدر مملکت اور وفاقی وزیر داخلہ نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، بھائی چارے اور رواداری کو پاکستان کی ترقی کی بنیاد قرار دیا۔

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن پر کہا ہے کہ بھائی چارے، ہم آہنگی اور یکجہتی کے ذریعے خوشحال پاکستان تشکیل دیا جائے گا۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور قومی ہم آہنگی کے عزم کی تجدید کا موقع ہے، جو قائداعظم کے وژن کی یاد دلاتا ہے جس میں ہر شہری کو برابری اور باہمی احترام حاصل ہے۔

latest urdu news

صدر زرداری نے اقلیتوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسلح افواج، عدلیہ، سول سروسز، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں شاندار خدمات انجام دی ہیں جو پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں۔ انہوں نے آئین پاکستان کو بلاتفریق تمام شہریوں کو مساوی حقوق کی ضمانت دینے والا قرار دیا اور بتایا کہ اقلیتوں کے سیاسی، معاشی، مذہبی، سماجی اور ثقافتی حقوق کا مکمل تحفظ کیا جاتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 2009 میں پہلی صدارت کے دوران 11 اگست کو اقلیتوں کا دن قرار دیا گیا تھا اور بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے کے ساتھ اقلیتوں کی بامعنی شرکت کو یقینی بنانے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے کام جاری رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اقلیتوں کے قومی دن پر کہا کہ پاکستان دین اسلام کے سنہری اصولوں یعنی عدل، مساوات اور رواداری پر قائم ہوا اور یہی بنیاد ہمیشہ قائم رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والا ہر شہری چاہے کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو، برابر کا پاکستانی ہے اور آئین اقلیتوں کے بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔

محسن نقوی نے قائداعظم کے 11 اگست 1947 کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عقیدے کی آزادی، جان و مال کا تحفظ اور انسانیت کا احترام ریاست کی پہچان ہے اور یہی تعلیمات اقلیتوں کے تحفظ کی بنیاد ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter