سیلاب متاثرین کی مدد قومی ذمہ داری، متاثرہ افراد کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، وزیراعظم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

متاثرہ اضلاع میں اشیائے خورونوش اور بنیادی ضروریات کا سامان پہنچانے کے ساتھ مالی معاونت بھی فراہم کی جائے، شہباز شریف کی حکام کو ہدایت

latest urdu news

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری امداد اور مالی معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں تک اشیائے خورونوش اور بنیادی ضروریات کا سامان جلد از جلد پہنچایا جائے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں متاثرہ علاقوں کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے مکانات کے مالکان کی مالی معاونت بھی کی جائے، جبکہ متاثرہ فصلوں اور املاک کے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لے کر رپورٹ پیش کی جائے۔

انہوں نے سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو مالی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ شہریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی مدد قومی ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام اداروں کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز امدادی کارروائیوں کو مزید تیز کریں اور آئندہ بارشوں یا ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ارلی وارننگ سسٹم کے ذریعے ممکنہ سیلاب سے قبل شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ متاثرہ علاقوں تک امدادی سامان کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

بھارتی ریاست آسام میں سیلاب کی تباہ کاریاں، 82 افراد جان کی بازی ہار گئے

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے اور اب تک مختلف علاقوں میں 615 ٹن امدادی سامان پہنچایا جا چکا ہے۔

وزیراعظم نے تمام متاثرہ اضلاع میں امدادی سامان اور نقد مالی مدد کی جلد فراہمی پر زور دیتے ہوئے سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی مالی امدادی پیکیج کی منظوری کے لیے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter