گوہاٹی: بھارتی ریاست آسام میں شدید بارشوں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 11 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 82 تک پہنچ چکی ہے۔
ریاستی حکام کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کے لیے ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں، امدادی سامان کی تقسیم کا عمل جاری ہے اور بحالی کے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مجموعی صورتحال میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سیلاب سے آسام کی بڑی آبادی متاثر ہوئی ہے، جہاں لاکھوں افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی جبکہ متعدد علاقے اب بھی زیرِ آب ہیں۔
آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے کہا ہے کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جامع سروے کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرین کو مالی نقصان کے ازالے میں سہولت دینے کے لیے انشورنس کمپنیوں سے بھی مشاورت کی جا رہی ہے تاکہ امدادی عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں، طبی سہولیات کی فراہمی اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام مسلسل جاری ہے۔
