عوامی رائے جاننے والے معتبر ادارے گیلپ پاکستان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی سے متعلق ایک تازہ سروے رپورٹ جاری کی ہے، جس میں پاکستانی عوام کے جذبات اور رائے کا بھرپور انداز میں اظہار سامنے آیا ہے۔
سروے نتائج کے مطابق، بھارتی اشتعال انگیزی کے مقابلے میں مؤثر اور سخت جواب دینے پر پاکستانی شہریوں کی بڑی اکثریت نے ملک کی عسکری اور سیاسی قیادت پر اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا ہے، 97 فیصد عوام نے پاک فوج کی کارکردگی کو "انتہائی شاندار” قرار دیا جبکہ 93 فیصد نے کہا کہ اس کشیدگی کے بعد ان کی مسلح افواج سے متعلق رائے مزید مثبت ہوئی ہے۔
اسی طرح، سروے میں بتایا گیا کہ 73 فیصد پاکستانی حکومت کے اقدامات سے مطمئن نظر آئے اور خاص طور پر سفارتی سطح پر کی گئی کوششوں اور عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرنے کی حکمت عملی کو سراہا گیا۔ تاہم 12 فیصد شہریوں نے درمیانی نوعیت کی رائے کا اظہار کیا۔
سیاسی جماعتوں کے کردار پر بھی عوامی رائے سامنے آئی جس کے مطابق 65 فیصد شہریوں نے مسلم لیگ ن کی پالیسی کو سراہا، 60 فیصد نے تحریک انصاف کے کردار کو مؤثر قرار دیا جبکہ 58 فیصد نے پیپلز پارٹی کی حکمت عملی کو مثبت قرار دیا۔
بین الاقوامی تعلقات کے تناظر میں، عوام نے ان ممالک کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے کشیدگی کے دوران پاکستان کا ساتھ دیا، ان میں چین کو 83 فیصد، ترکیہ کو 76 فیصد، سعودی عرب کو 75 فیصد، ایران کو 71 فیصد جبکہ امریکا کو 39 فیصد عوام نے قابلِ تعریف سمجھا۔