پاکستان نے فلسطینی عوام سے یکجہتی کے اظہار کے طور پر غزہ کے لیے 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل 24ویں کھیپ مصر روانہ کر دی۔ امداد وزیراعظم کی ہدایت پر بھیجی گئی اور اس عمل میں الخدمت فاؤنڈیشن نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی سامان علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے روانہ کیا گیا۔ کھیپ میں شامل راشن بیگز میں آٹا، چاول، کوکنگ آئل، چنے، تیار کھانا اور ڈبہ بند فروٹ جیسی بنیادی اشیائے خوردونوش شامل ہیں، جو محصور فلسطینیوں کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھ کر بھیجی گئیں۔
ترجمان کے مطابق اب تک پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی 24 امدادی کھیپوں کا مجموعی وزن 2327 ٹن ہو چکا ہے، جس میں غذائی اجناس کے علاوہ دیگر ضروری اشیاء بھی شامل تھیں۔ یہ امدادی سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔