ملک میں مہنگائی کی سطح گزشتہ 60 برس کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے ، گورنر اسٹیٹ بینک

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی،گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی سطح گزشتہ 60 برس کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اپریل کے مہینے میں مہنگائی کی شرح صرف 0.3 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو معاشی بہتری کی واضح علامت ہے، ان کا کہنا تھا کہ معیشت کے استحکام کے لیے حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں اور مالی لین دین اب زیادہ تر ڈیجیٹل ذرائع سے کیا جا رہا ہے۔

latest urdu news

گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے، انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے گھٹ کر 11 فیصد پر آ گیا ہے، جو شرح سود میں 50 فیصد کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔

موجودہ مالی سال میں کاروباری سرگرمیوں میں بھی بہتری دیکھی جا رہی ہے، جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس سرپلس رہا ہے، انہوں نے معاشی بہتری میں برانچ لیس بینکاری اور الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشنز کو اہم عوامل قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت میں استحکام لانے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا نمایاں کردار رہا ہے اور آئی ٹی سیکٹر سے رقوم کی ادائیگیوں میں توازن بہتر ہوا ہے، گورنر کے مطابق تین سال قبل معیشت کو سنگین چیلنجز درپیش تھے، جن میں مہنگائی اور بیرونی خسارہ شامل تھا۔

جمیل احمد نے بتایا کہ ملک نے 2 ارب ڈالر قرض کی ادائیگی کی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں 3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جبکہ ترسیلات زر 8 ارب ڈالر بڑھی ہیں، انہوں نے کہا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے 450 اجلاس منعقد ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ روایتی بینکاری نظام کو اسلامی بینکاری میں منتقل کرنے کا جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، جس کے لیے عملے کی تربیت بھی جاری ہے اور قانونی فریم ورک فراہم کر دیا گیا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ مالیاتی استحکام کے لیے متعدد اقدامات کیے جا چکے ہیں، اور بینکوں کو بزنس ماڈل تبدیل کرنے کی ہدایت بھی اسی پالیسی کا حصہ ہے تاکہ جدید مالیاتی تقاضوں سے ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter