ریٹائرڈ فوجی افسران نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو ہر محاذ پر شکست دی اور قوم افواج کے ساتھ ہے۔
راولپنڈی میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران افواج پاکستان کے ریٹائرڈ افسران نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عسکری قیادت کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی دلیرانہ اور حکمت عملی سے بھرپور قیادت کی بدولت پاکستان نے ایک عظیم کامیابی حاصل کی ہے، انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملکی دفاع کو ایک نئی سمت دی اور دشمن کے تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔
ایکس سروس مین کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کو نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی محاذ پر بھی شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام غازیوں اور شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں اور قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے وہ ہر لمحہ تیار ہیں۔
سابق افسران نے فیلڈ مارشل کے اعزاز پر سید عاصم منیر کو مبارکباد دی اور کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دی ہے، اور کسی بھی نئی سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھی افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی معترف ہے، اور کشیدگی کے دوران دوست ممالک کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔
آخر میں ریٹائرڈ افسران نے سیاسی قیادت، مسلح افواج اور عوام کو عظیم کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان سے محبت ہمارے خون میں شامل ہے اور بھارتی جارحیت کے خلاف قوم کے جذبے نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔
یاد رہے کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک غیر معمولی حیثیت رکھتا ہے، جو کسی بھی فوجی کو غیر معمولی خدمات اور قیادت پر دیا جاتا ہے۔ اس سے قبل جنرل ایوب خان کو یہ اعزاز ملا تھا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو یہ اعزاز ملک و قوم کی بقاء، دشمن کی جارحیت کے خلاف فیصلہ کن حکمت عملی، اور عالمی سطح پر عسکری وقار بلند کرنے پر دیا گیا، ان کی قیادت میں پاکستان نے سفارتی و عسکری محاذ پر قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سربراہی میں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملکی دفاع اور سیکورٹی سے متعلق اہم حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کانفرنس کی تفصیلات اور فیصلے آپ یہاں پڑھ سکتے ہیں۔