سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی اشتعال انگیزی کا مؤثر جواب دیتے ہوئے بھارتی ویب سائٹس کو بلاک کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں فیصل واوڈا نے کہا کہ انڈین ویب سائٹس کو پاکستان میں مرحلہ وار بند کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کیے گئے اقدامات کا جواب اسی انداز میں دیا گیا ہے۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ ہر بھارتی اقدام کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا، اور یہ جواب صرف شروعات ہے، ابھی مزید ردعمل آنا باقی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستانی حکومت کے ’ایکس‘ ہینڈل سمیت کئی یوٹیوب چینلز کو بھارت میں بلاک کر دیا تھا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی کے پیش نظر آئندہ 24 سے 36 گھنٹے نہایت اہم ہیں۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ معتبر ذرائع سے اطلاعات ملی ہیں کہ بھارت پاکستان کے خلاف کسی ممکنہ فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان کی جانب سے فوری، موثر اور فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا۔