پاکستان نے وینزویلا میں ہونے والی یکطرفہ فوجی کارروائیوں کو عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے اس پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وینزویلا کی تازہ صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مندوب عثمان جدون نے واضح کیا کہ طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ اس سے خطے اور دنیا میں عدم استحکام بڑھتا ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ سیاسی تنازعات کا دیرپا اور پائیدار حل صرف مکالمے، سفارتکاری اور باہمی احترام کے ذریعے ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیریبین خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اقوام متحدہ کا منشور تمام ریاستوں کو علاقائی سالمیت کے احترام اور داخلی معاملات میں عدم مداخلت کا پابند بناتا ہے۔
وینزویلا میں فوجی تعیناتی کے لیے قانون سازی ضروری نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
عثمان جدون نے مزید کہا کہ یکطرفہ فوجی اقدامات طویل المدتی عدم استحکام کو جنم دیتے ہیں اور ان کے نتائج خطے سے باہر تک محسوس کیے جاتے ہیں۔ موجودہ حالات میں آگے بڑھنے کا واحد مؤثر راستہ سیاسی مکالمہ اور سفارتی کوششیں ہیں۔ انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، کشیدگی میں کمی لائیں اور کسی بھی اشتعال انگیز اقدام سے گریز کریں۔
پاکستانی مندوب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وینزویلا میں امن، استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور تمام بین الاقوامی کوششوں کا مرکز یہی مقصد ہونا چاہیے۔
