لاہور، پاکستان نے بھارتی بری و فضائی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کے لیے پہلا لانگ رینج زمینی نگران ریڈار AM3505 کامیابی سے تیار کر لیا ہے۔
یہ جدید ریڈار نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) اور بلیو سرج کی شراکت سے تیار کیا گیا ہے، جو 350 کلومیٹر کے فاصلے تک دشمن کی حرکات پر نظر رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ 60 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرنے والے طیارے کو بھی شناخت کر سکتا ہے۔
یہ نظام 450 کلومیٹر کے دائرے میں دشمن اور دوست فورسز جیسے کہ توپ خانے، ٹینک اور ہوائی جہازوں کی تمیز بھی کر سکتا ہے۔
ریڈار کو جدید ترین اینٹی-جمنگ ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے، جس کی بدولت دشمن اسے جام نہیں کر سکتا، یہ ہر قسم کے موسمی حالات، بشمول دھند، بارش اور طوفانی موسم میں بھی مؤثر طریقے سے کام کرتا ہے، اسے مکمل آپریشنل حالت میں لانے کے لیے صرف 30 منٹ درکار ہوتے ہیں اور یہ انتہائی کم، صرف 400 واٹ بجلی سے کام کرتا ہے۔
AM3505 پاکستانی انجینئروں اور سائنسدانوں کی غیر معمولی مہارت اور انتھک محنت کا عملی مظہر ہے، جسے باآسانی کسی بھی مقام پر منتقل کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ وہ دہشت گرد گروہ جو بلوچ شناخت کو استعمال کرکے بدامنی پھیلا رہے ہیں، دراصل بلوچ قوم کے وقار کو مجروح کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات جی ایچ کیو میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 15ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے ملاقات کے دوران کہی، ورکشاپ میں بلوچستان کے سیاستدانوں، بیوروکریٹس، سول سوسائٹی، نوجوانوں، اساتذہ اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔