پاکستان کی اسرائیلی جارحیت پر شدید مذمت، ایران کو دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، دفتر خارجہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، پاکستان ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

اسلام آباد، ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملوں کی بھرپور اور شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، اسرائیل کی یہ کارروائیاں نہ صرف ایرانی خودمختاری اور سالمیت پر حملہ ہیں بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ بھی بن سکتی ہیں۔

latest urdu news

ترجمان نے مزید کہا کہ اقوامِ متحدہ کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنا دفاع کرنے کا پورا قانونی حق حاصل ہے، اور پاکستان اس حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے اقدامات کو عالمی برادری، بالخصوص 21 مسلم ممالک، نے مشترکہ اعلامیے میں مسترد کر دیا ہے۔

شفقت علی خان نے مزید کہا کہ ایران، پاکستانیوں کے انخلاء کے سلسلے میں بھرپور تعاون کر رہا ہے اور اب تک تقریباً 3 ہزار پاکستانی شہری ایران سے نکالے جا چکے ہیں۔ ایران، پاکستان کا قریبی دوست، ہمسایہ اور شراکت دار ہے، اور دونوں ممالک ہر سطح پر مسلسل رابطے میں ہیں۔

علاقائی معاملات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان جوہری عدم پھیلاؤ پر اہم مذاکرات ہوئے ہیں، جبکہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پاکستان نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سرینگر کی جامع مسجد اور عیدگاہ میں نماز کی اجازت نہ دینے کی مذمت کی اور سیاسی رہنماؤں کی گرفتاری پر افسوس کا اظہار کیا۔

ترجمان نے کینیڈین انٹیلیجنس ایجنسی کے حالیہ بیانات کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کیا اور کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا خود شکار رہا ہے۔ انہوں نے ایران میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کو بے بنیاد اور افواہ قرار دیا، اور کہا کہ ایران عالمی جوہری اداروں سے مکمل رابطے میں ہے۔

یاد رہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کے بعد دنیا بھر میں صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، اور پاکستان مسلسل ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہا ہے

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter