محکمہ ایکسائز کی تاریخ میں اب تک کی سب سے مہنگی گاڑی رجسٹر کی گئی ہے، جس کی مالیت 17 کروڑ 60 لاکھ روپے ہے، جب کہ اس کی رجسٹریشن فیس 94 لاکھ 41 ہزار روپے ادا کی گئی۔
ڈائریکٹر ایکسائز شاہد گیلانی کے مطابق یہ ریکارڈ اس سے پہلے گزشتہ ماہ قائم ہوا تھا، جب ایک گاڑی کی 91 لاکھ روپے کی رجسٹریشن فیس جمع کروائی گئی تھی۔ اس نئی مہنگی ترین گاڑی کے مالک گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے احمد وقاص ہیں، جنہوں نے اپنی رینج روور کے لیے "AWA-089” نمبر حاصل کیا۔
شاہد گیلانی نے بتایا کہ موٹر برانچ لاہور نے ایک بار پھر سب سے زیادہ ریونیو حاصل کرنے میں سبقت حاصل کی ہے۔ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں لاہور ریجن نے 5 ارب روپے سے زائد کی ریکوری کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جانب سے پرتعیش گاڑیوں کی رجسٹریشن میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جو ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ریونیو اہداف کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔