نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں ہوائی اڈے کے قیام کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جا رہے ہیں، جسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت عملی شکل دی جائے گی۔
لندن میں برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین سے ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں کشمیری برادری کے کئی سرکردہ رہنما بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی و ثقافتی تعلقات پر روشنی ڈالی اور برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستانی نژاد ارکان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔
نائب وزیراعظم نے میرپور ایئرپورٹ کے قیام کی تجویز بھی پیش کی، جس پر کشمیری رہنماؤں نے بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف سفری سہولتوں میں بہتری لائے گا بلکہ آزاد کشمیر میں معاشی اور سماجی ترقی کا بھی سبب بنے گا۔
اس ملاقات کو بیرون ملک مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔