بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن حیدرآباد نے میٹرک سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس میں تینوں پوزیشنز طالبات نے اپنے نام کر کے شاندار کامیابی حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق، رواں برس میٹرک سائنس گروپ کے امتحانات میں 75 ہزار 683 طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ ان میں سے 8 ہزار 760 طلبہ نے اے ون گریڈ حاصل کیا جبکہ 5 ہزار 620 طالب علم امتحان میں ناکام قرار پائے۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ شجاع مہیسر نے امتحانی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد پیش کی اور طالبات کی کارکردگی کو سراہا۔
پہلی پوزیشن ارم بی بی نے 999 نمبر لے کر حاصل کی، جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن بھی طالبات نے حاصل کی۔ چیئرمین بورڈ کے مطابق، نتائج اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ صوبے میں معیاری تعلیم کے لیے کیے گئے اقدامات مثبت نتائج دے رہے ہیں، خاص طور پر طالبات کی تعلیمی کارکردگی نہایت حوصلہ افزا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی بورڈ نے بھی میٹرک سائنس گروپ کے نتائج کا اعلان کیا تھا جہاں مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 83.93 فیصد رہا۔ ان امتحانات میں 173,738 طلبہ رجسٹرڈ ہوئے تھے جن میں سے 144,681 نے کامیابی حاصل کی جبکہ 27,244 امیدوار فیل ہوئے۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق حالیہ نتائج صوبے میں تعلیم کے بڑھتے ہوئے رجحان اور خاص طور پر طالبات کی تعلیمی ترقی کی نشاندہی کرتے ہیں۔