لاہور میں بسنت کی تقریبات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ثقافت اور کلچر کو پابندیوں کے ذریعے نہیں روکا جاتا بلکہ بہتر انتظامات کے ساتھ محفوظ بنایا جاتا ہے۔ ان کے مطابق بسنت کی کامیاب تقریبات دراصل لاہور اور پورے پاکستان کی جیت ہیں۔
اندرون لاہور میں حویلی آصف جاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بسنت کے حوالے سے ایک مشکل مگر ضروری فیصلہ کیا جس پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بسنت کے موقع پر 14 لاکھ موٹرسائیکلوں پر سیفٹی راڈز لگائی گئیں جبکہ 512 بسوں کے ذریعے مفت سفری سہولت فراہم کی گئی، جس سے تین دن میں 20 لاکھ افراد نے فائدہ اٹھایا۔ ان کے مطابق اس دوران لاہور میں 10 لاکھ سے زائد گاڑیاں داخل ہوئیں۔
لاہور: لوئر مال میں بسنت کے دوران چھت سے گر کر 16 سالہ نوجوان جاں بحق
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ کامیاب بسنت میں ہر طبقے نے خوشیاں منائیں اور آئندہ برس اس سے بھی زیادہ منظم اور بھرپور بسنت منائی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں معاشرے میں نفرت کو فروغ دیا گیا، تاہم عوام نے 8 فروری کو انتشار کی سوچ کو مسترد کر دیا۔
