عیدالاضحیٰ کے موقع پر نشر ہونے والے جیو نیوز کے خصوصی پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں پاک فوج کے افسران نے جہاں وطن سے محبت اور قربانیوں کی بات کی، وہیں ایک غیر معمولی مگر دل کو چھو لینے والا واقعہ بھی سامنے آیا۔ پروگرام میں شرکت کرنے والے کیپٹن علی نے انکشاف کیا کہ ماضی میں مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے لائن آف کنٹرول عبور کی اور پاکستان آ کر شادی کی خواہش ظاہر کی، جسے پاک فوج نے نہ صرف عزت دی بلکہ قانونی تقاضوں کے مطابق اس کی شادی بھی کروائی۔
میزبان تابش ہاشمی کی جانب سے اس واقعے پر سوال پوچھنے پر کیپٹن علی نے بتایا کہ جنگی ماحول میں جب بارڈر پر گولیاں چل رہی تھیں، اس دوران ایک خاتون اچانک ایل او سی پار کر کے پاکستان پہنچ گئیں۔ پاک فوج کی جانب سے انہیں کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچایا گیا بلکہ مکمل تحفظ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خاتون تھوڑی خوفزدہ تھیں کہ ان کے ساتھ کیسا سلوک ہوگا، مگر ہم نے ان کا ایسے خیال رکھا جیسے کوئی اپنی بہن یا بیٹی کا رکھتا ہے۔
کیپٹن علی کے مطابق خاتون کی پاکستان میں کچھ افراد سے رابطے تھے اور ان کی خواہش کے مطابق تمام قانونی مراحل طے کر کے ان کی شادی کروائی گئی۔ آج وہ خاتون اپنے شوہر کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہی ہیں۔
یاد رہے کہ لائن آف کنٹرول ایک حساس ترین سرحدی علاقہ ہے، جہاں معمولی نقل و حرکت بھی خطرناک تصور کی جاتی ہے، مگر یہ واقعہ پاک فوج کے اس انسانی پہلو کو نمایاں کرتا ہے جو امن، احترام اور تحفظ کو مقدم رکھتا ہے، چاہے حالات کتنے ہی کٹھن کیوں نہ ہوں۔