خیبرپختونخوا، گلگت اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں سے تباہی، 330 سے زائد جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کلاوڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں نے قیامت ڈھا دی، 330 سے زائد افراد جاں بحق، بونیر میں ایمرجنسی نافذ۔

خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر طوفانی بارشوں، کلاوڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جہاں مختلف حادثات میں اب تک 330 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ صرف ضلع بونیر میں کلاوڈ برسٹ اور سیلاب نے 213 قیمتی زندگیاں چھین لیں جبکہ کئی افراد تاحال لاپتا ہیں۔

latest urdu news

مانسہرہ میں بھی تودے گرنے اور سیلابی ریلوں کے باعث 20 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ میں 21 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ سیلابی ریلے کئی گاؤں بہا کر لے گئے، مکانات اور پل تباہ ہو گئے، جانور اور گاڑیاں پانی کی نذر ہو گئیں، سوات میں دریا بپھر کر ہر چیز کو تنکوں کی طرح بہا لے گیا اور مینگورہ شہر میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔

آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بھی صورتحال تشویشناک ہے جہاں سیلاب نے 6 رابطہ پل بہا دیے اور مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق ہوئے، مظفر آباد میں کلاوڈ برسٹ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 8 افراد جاں بحق ہوئے۔

گلگت بلتستان میں بھی تباہی کا سلسلہ جاری ہے، اسکردو میں 5 پل دریا بُرد ہوگئے جبکہ چلاس کے اوچھار نالے میں متعدد افراد بہہ گئے جن میں سے 10 کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صرف خیبرپختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بارشوں اور سیلاب سے 307 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ 74 گھروں کو نقصان پہنچا۔

حکومت نے متاثرہ اضلاع کے لیے مجموعی طور پر 50 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں جن میں سب سے زیادہ حصہ بونیر کے لیے رکھا گیا ہے۔

ادھر آزاد کشمیر کے ضلع نیلم میں رتی گلی جھیل جانے والے 700 سے زائد سیاح راستے بند ہونے کے باعث پھنس گئے تھے، جنہیں ریسکیو 1122، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کے تعاون سے بحفاظت نکال لیا گیا۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے بھی اس سانحے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ پاکستان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر آسٹریلیا دکھی ہے اور اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کئی اضلاع میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے باعث مزید سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter