خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے تصدیق کی ہے کہ انہیں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا باضابطہ استعفیٰ موصول ہو چکا ہے۔ گورنر ہاؤس میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ استعفیٰ آج دوپہر ڈھائی بجے موصول ہوا، جس پر 11 اکتوبر کی تاریخ درج ہے۔
وزیراعلیٰ کا ہاتھ سے لکھا استعفیٰ گورنر ہاؤس وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے انسداد بدعنوانی بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی کے ذریعے پہنچایا گیا۔ انہوں نے استعفیٰ گورنر ہاؤس کے کیئر ٹیکر کے حوالے کیا، جس نے نہ صرف یہ استعفیٰ وصول کیا بلکہ اس کی رسید بھی جاری کی۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق استعفیٰ موصول ہونے کے بعد اب اس کی قانونی و آئینی جانچ کا مرحلہ جاری ہے۔ گورنر کا کہنا تھا کہ ان کی لیگل ٹیم استعفے کے متن کا تفصیلی جائزہ لے گی، تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ استعفیٰ آئینی ضوابط کے مطابق ہے یا نہیں۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے استعفے میں واضح طور پر لکھا ہے کہ یہ فیصلہ انہوں نے ذاتی طور پر اور وفاداری کی بنیاد پر کیا ہے، اور وہ بطور وزیراعلیٰ اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا پلان تیار، استعفیٰ تاحال معمہ
اس پیشرفت سے خیبرپختونخوا کی سیاست میں ایک نیا موڑ آ گیا ہے، خاص طور پر اس وقت جب خبریں گردش کر رہی ہیں کہ تحریک انصاف کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کی تیاری بھی کی جا رہی ہے، اگر استعفیٰ منظور نہ ہوا تو۔