کوئٹہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے خضدار میں سکول بس پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل معافی جرم قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم ایسے بزدلانہ حملوں پر خاموش تماشائی بننے والے نہیں، معصوم بچوں کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صبح کے وقت خضدار میں ایک سکول بس کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا جس میں 47 بچے سوار تھے، افسوسناک واقعے میں 4 بچے شہید ہوئے، جبکہ دیگر کئی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے الزام عائد کیا کہ بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول ایسے حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث ہیں اور پاکستان کے اندر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی سازشوں میں مصروف ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں اندازہ تھا کہ دشمن حملے کی تیاری میں ہے، مگر معصوم بچوں پر حملہ انتہائی افسوسناک اور ظالمانہ اقدام ہے۔
وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ بھارت بلوچستان میں تخریب کاری کو ہوا دے رہا ہے اور علیحدگی پسند گروپوں جیسے بی ایل اے اور بی ایل ایف کو مالی و عسکری مدد فراہم کر رہا ہے، جو ہمیشہ آسان اہداف کو نشانہ بناتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگرد نہ کسی قوم کے نمائندہ ہیں اور نہ کسی قبیلے سے ان کا تعلق ہے، یہ صرف قاتل اور دشمن ہیں۔
وزیراعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ خضدار حملے کے ذمہ داروں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور معصوم بچوں کے خون کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔