این ایف سی کو پی ایف سی سے مشروط کیا جائے، عوام کے ٹیکسوں کا خزانہ عوام کو واپس جانا چاہیے، رہنما ایم کیو ایم
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ عوام کے ٹیکسوں سے جمع ہونے والا خزانہ براہِ راست عوام تک پہنچنا چاہیے اور حکمرانوں کو یہ حق نہیں ہونا چاہیے کہ وہ عوام کے پیسے اپنی مرضی کی جگہوں پر خرچ کریں۔
آباد ہاؤس کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ این ایف سی کو پی ایف سی سے مشروط کرنا چاہیے، بصورتِ دیگر یہ جاگیردارانہ جمہوریت کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی نے اپنا حصہ ادا کیا، لیکن اب بھی عوام کو اس کے فوائد نہیں مل رہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم دینے کا مقصد پورے پاکستان میں تعلیم کو فروغ دینا ہے کیونکہ کراچی کی خوش حالی پاکستان کی خوش حالی کے مترادف ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ تعلیم حاصل کرنا ضروری ہے کیونکہ 18 کروڑ نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، اور دنیا تیزی سے اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بدل رہی ہے۔