کراچی کے علاقے سولجر بازار میں گیس لیکیج کے باعث رہائشی عمارت میں ہونے والے دھماکے سے کم از کم 13 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔ افسوسناک واقعہ علی الصبح تقریباً چار بجے پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور امدادی اداروں کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکا تین منزلہ رہائشی عمارت کی پہلی منزل پر ہوا، جس کے نتیجے میں عمارت کی چھت اور بالائی حصہ زمین بوس ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کی ممکنہ وجہ گیس لیکیج بتائی جا رہی ہے، جبکہ یہ بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دھماکا گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین کے باعث ہوا ہو سکتا ہے۔ حتمی وجہ کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق تنگ گلیوں اور گنجان آبادی کے باعث بھاری مشینری کو جائے وقوعہ تک پہنچانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے امدادی کارروائیوں کی رفتار متاثر ہوئی۔ اس کے باوجود اہلکار مسلسل ملبہ ہٹا کر لاشوں اور زخمیوں کو نکال رہے ہیں۔
کراچی میں گیس لیکیج دھماکہ، خواتین و بچوں سمیت 7 افراد زخمی
حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جس سے سانحے کی سنگینی مزید بڑھ گئی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید افراد ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں، اسی لیے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور گیس سپلائی کے نظام کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔ علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا جا رہا ہے۔
