اسلام آباد میں سیلابی الرٹ، تمام سیاحتی مقامات بند، راول ڈیم اوورفلو کے قریب

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔

محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج رات مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد کے قریب پہنچ چکی ہے اور اسپِل ویز کھول دیے گئے ہیں، جس سے قریبی نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

latest urdu news

اسلام آباد اور راولپنڈی میں نالہ لَئی اور نالہ کورنگ میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ نالہ لَئی میں گزشتہ رات پانی کی سطح 16 فٹ سے تجاوز کر گئی تھی، جس کے بعد متعلقہ ادارے بشمول ریسکیو 1122، واسا، اور پاک فوج کی 111 بریگیڈ ایمرجنسی بنیادوں پر متحرک کر دی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن بھر موسم جزوی طور پر ابر آلود رہا، تاہم رات گئے گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 1122 پر فوری رابطہ کریں۔

سیلابی خطرے کے پیش نظر تمام سیاحتی مقامات کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ مری، نیا موری، نتھیا گلی، ہنزہ اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث سیر و تفریح پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے سفر مؤخر کریں اور کسی بھی صورت پہاڑی راستوں کا رخ نہ کریں۔

راولپنڈی کی ضلعی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔ ضلعی اسپتالوں، ریسکیو سینٹرز اور کیمپوں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 25 جولائی تک مون سون کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، اور مزید بارشوں سے صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔ این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter