اسلام آباد: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد میں ٹیکس بقایا گاڑیوں کی رجسٹریشن 10 اکتوبر 2025 تک مستقل طور پر منسوخ کر دی جائے گی اگر مالکان نے اپنے بقایا جات ادا نہ کیے۔
30 جون 2025 تک جن گاڑیوں کے ٹیکس بقایا تھے، ان مالکان کو پہلے ہی ریڈ نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں اور ان کی رجسٹریشن عارضی طور پر معطل کی جا چکی ہے۔ مقررہ تاریخ تک واجبات ادا نہ ہونے کی صورت میں گاڑیوں کی رجسٹریشن مکمل طور پر منسوخ ہو جائے گی۔
محکمہ ایکسائز نے یہ بھی بتایا ہے کہ واجبات اور جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی رجسٹریشن کی بحالی ممکن ہوگی اور اس سلسلے میں ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ ادائیگی آسانی سے کی جا سکے۔
دوسری جانب، اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 8 اکتوبر سے بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کو گرفتار کیا جائے گا، ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور گاڑیاں بھی قبضے میں لی جائیں گی۔ یہ اقدامات سرکاری اور نجی دونوں ڈرائیورز پر یکساں طور پر لاگو ہوں گے۔
انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ اس کریک ڈاؤن پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے اور ان کی گاڑیاں پولیس کی تحویل میں لی جائیں گی تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی روک تھام کی جا سکے۔