چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ الزامات لگانے سے پہلے واقعے کی شفاف تحقیقات کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر کا مسئلہ بھارت دنیا سے چھپا نہیں سکتا۔
ادھر گورنر سندھ نے بھی بیان دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت پاکستان کے پانی کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن قوم کو کسی پریشانی کی ضرورت نہیں کیونکہ پاکستانی افواج ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی اور دفاع جیسے اہم قومی معاملات پر سیاسی اختلافات کو پسِ پشت ڈال دینا نہ صرف ایک مثبت روایت ہے بلکہ قومی اتحاد کا مظہر بھی ہے۔
یہ بات انہوں نے سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر اور سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران کہی، ملاقات میں پارلیمانی امور، موجودہ سیاسی صورتحال اور دفاعی معاملات پر پارلیمنٹ کے متفقہ مؤقف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نواز شریف نے سینیٹ میں تمام جماعتوں کی طرف سے ملکی دفاع پر متفقہ قرارداد منظور ہونے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ قومی یکجہتی اور جمہوری اداروں کے مضبوط کردار کا ثبوت ہے، ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی سطح پر متحرک اور ذمہ دار کردار قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
