اسلام آباد، وفاقی حکومت نے محرم الحرام کے سلسلے میں 9 اور 10 محرم کو ملک بھر میں عام تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ کابینہ ڈویژن سے جاری باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق 5 اور 6 جولائی 2025 بروز جمعہ و ہفتہ کو یوم عاشورہ کے موقع پر وفاقی سطح پر تمام سرکاری ادارے بند رہیں گے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کیا گیا، جس کا باضابطہ اعلان 23 دسمبر 2024 کو جاری کیے گئے کابینہ ڈویژن کے سرکلر کے تحت کیا گیا تھا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تعطیلات کا اطلاق وفاقی حکومت کے تمام اداروں پر ہو گا، جبکہ صوبائی حکومتیں اپنے اپنے دائرہ اختیار میں علیحدہ اعلان کرنے کی مجاز ہوں گی، عاشورہ کے دن ملک بھر میں مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ مجالس اور جلوسوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس کے باعث سیکیورٹی انتظامات بھی سخت کیے جاتے ہیں۔
متوقع ہے کہ ان تعطیلات کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے تمام سیکیورٹی ادارے الرٹ رہیں گے جبکہ ہسپتال، ریسکیو، اور دیگر ہنگامی خدمات جاری رہیں گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔
یاد رہے کہ ہر سال 9 اور 10 محرم کو پاکستان میں یوم عاشورہ مذہبی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے، اور ان دنوں میں تعطیلات کا اعلان معمول کا حصہ ہے تاکہ شہری مذہبی رسومات میں باآسانی شریک ہو سکیں۔