سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے بھائی نجف حمید کے خلاف ایف آئی اے اینٹی کرپشن سیل نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

latest urdu news

ایف آئی اے حکام کے مطابق یہ مقدمہ جعلی دستاویزات کے ذریعے قیمتی اراضی کی منتقلی کے الزامات پر قائم کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل ایف آئی اے اسلام آباد میں درج مقدمے میں نجف حمید کے ساتھ عبدالظہور اور خالد منیر کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ نجف حمید اس وقت حلقہ پٹواری اسلام آباد کے طور پر تعینات تھے، جبکہ عبدالظہور ریونیو افسر کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔

پنجاب بار کونسل نے فیض حمید کے وکیل میاں علی اشفاق کا لائسنس معطل کر دیا

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ملی بھگت کے ذریعے ایک کنال قیمتی زمین کو بوگس انتقال کے ذریعے اپنے نام یا اپنے فائدے میں منتقل کیا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لیے جعلی ریکارڈ اور دستاویزات استعمال کی گئیں، جس سے سرکاری قوانین اور طریقۂ کار کی خلاف ورزی ہوئی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد معاملے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تفتیش کے دوران زمین کے ریکارڈ، انتقالات اور متعلقہ ریونیو دستاویزات کو بھی قبضے میں لیا جا رہا ہے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

ذرائع کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید افراد کی شمولیت سامنے آنے کی صورت میں مقدمے میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن قوانین کے تحت کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور اگر الزامات ثابت ہوئے تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter