جعلی دستاویزات پر یورپ جانے کی کوشش، ایک ہی خاندان کے 7 افراد اسلام آباد ایئرپورٹ پر گرفتار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: ایف آئی اے امیگریشن نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی ریزیڈنٹ کارڈز کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش کرنے والے ایک ہی خاندان کے سات افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے ساتھ موجود ایجنٹ کو بھی ایئرپورٹ کے احاطے سے دھر لیا گیا۔

ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق یہ کارروائی اُس وقت عمل میں لائی گئی جب پرواز نمبر J2144 کی بریفنگ جاری تھی، جو آذربائیجان روانہ ہونے والی تھی۔ خیبرپختونخوا اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 6 افراد، اپنے سہولت کار محمد ہارون کے ہمراہ امیگریشن کاؤنٹر پر کلیئرنس کے لیے پہنچے۔

latest urdu news

امیگریشن عملے کو ان کے سفری دستاویزات مشکوک لگے، جس پر تفصیلی جانچ کی گئی۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ تمام سفری دستاویزات، جن میں اٹلی کے جعلی ریزیڈنٹ کارڈز اور ترکیہ کے جعلی ویزے شامل تھے، جعلی ہیں۔

گرفتار افراد کی شناخت محمد شیر، سلمان خان، محمد حارث خان، ولی اللہ، احتشام شرافت، ثمین اللہ اور سہولت کار محمد ہارون کے نام سے ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق، ابتدائی تفتیش کے دوران مسافر آذربائیجان جانے کے مقصد پر تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔

ایف آئی اے کو مزید تفتیش میں یہ بھی معلوم ہوا کہ تمام گرفتار افراد آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں اور ان جعلی دستاویزات کی فراہمی میں ایک اور ایجنٹ، شاکر اللہ، ملوث تھا، جو اُس وقت ایئرپورٹ کے کنکورس ہال میں موجود تھا۔ ایف آئی اے ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے بھی حراست میں لے لیا۔

تمام ملزمان کے قبضے سے جعلی یورپی ریزیڈنٹ کارڈز اور ویزے برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق یہ افراد آذربائیجان اور ترکی کے ویزوں کی مدد سے یورپ میں داخلے کی کوشش کر رہے تھے۔

گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل، اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے جہاں تفتیش جاری ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter