عدالت کا تاریخی فیصلہ، پرائیویٹ اداروں کے ملازمین کو اولڈ ایج پنشن دینے کا حکم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 وفاقی آئینی عدالت نے پرائیویٹ اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کے حق میں ایک بڑا اور تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کو تمام درخواست گزار ملازمین کو ماہانہ اولڈ ایج پنشن ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

latest urdu news

اس فیصلے کو ملک بھر کے لاکھوں نجی شعبے کے ملازمین کے لیے ایک اہم ریلیف اور سماجی تحفظ کے نظام میں سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کے بعد ای او بی آئی کی جانب سے دائر کی گئی تمام اپیلیں مسترد کر دیں اور لاہور ہائیکورٹ کے 2024 اور 2025 میں دیے گئے فیصلوں کو برقرار رکھا۔ عدالت نے واضح کیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے آئین اور قانون کے عین مطابق ہیں اور ان میں مداخلت کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔

وفاقی آئینی عدالت نے اپنے تفصیلی فیصلے میں قرار دیا کہ وہ ملازمین جو ساڑھے 14 سال کی سروس مکمل کر چکے ہیں، انہیں پنشن کے مکمل حقدار تصور کیا جائے گا۔ عدالت نے مزید وضاحت کی کہ سروس کا 6 ماہ یا اس سے زائد عرصہ پورا ایک سال شمار کیا جائے گا اور پنشن کے معاملات میں راؤنڈنگ آف کا اصول لاگو ہوگا۔ اس طرح ساڑھے 14 سال یا اس سے زیادہ سروس مکمل کرنے والے ملازمین کو 15 سال کی سروس مکمل کرنے کے برابر سمجھا جائے گا۔

عدالت نے ای او بی آئی کے 2022 میں جاری کردہ سرکلر کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی انتظامی سرکلر ملازمین کے آئینی اور قانونی حقوق کو متاثر نہیں کر سکتا۔ عدالت کے مطابق پنشن ایک بنیادی قانونی حق ہے اور اسے کسی انتظامی حکم یا پالیسی کے ذریعے محدود نہیں کیا جا سکتا۔

فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ فلاحی قوانین کی سخت اور تنگ تشریح کے ذریعے ملازمین کو پنشن جیسے بنیادی حق سے محروم کرنا ناانصافی کے مترادف ہے۔ عدالت نے زور دیا کہ فلاحی قوانین کی تشریح ہمیشہ ملازمین کے حق میں کی جانی چاہیے تاکہ کمزور طبقے کو حقیقی تحفظ فراہم ہو سکے۔

قانونی ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ نہ صرف پرائیویٹ اداروں کے لاکھوں ملازمین کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ پاکستان میں سماجی تحفظ اور لیبر رائٹس کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے۔ اس فیصلے کے بعد ای او بی آئی پر لازم ہو گیا ہے کہ وہ اہل تمام ملازمین کو بلا تاخیر اولڈ ایج پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنائے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter