یاتری ویزے پر پاکستان آ کر شادی کرنے والی سربجیت کور کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
سربجیت کور کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے واہگہ بارڈر پہنچا دیا گیا ہے۔ وکیل علی چنگیزی سندھو کا کہنا ہے کہ خاتون پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تھی اور اس کا ویزا نومبر 2025 میں ختم ہو چکا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ نے سربجیت کور سے متعلق حکام سے رپورٹ طلب کی ہوئی تھی۔ سابق ایم پی اے مہندر پال سنگھ نے وکیل علی چنگیزی کی وساطت سے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، سربجیت کور کو واہگہ بارڈر پر پریڈ کے بعد بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
لاپتہ بھارتی سکھ خاتون نے اسلام قبول کر کے پاکستانی شہری سے شادی کر لی
واضح رہے کہ سربجیت کور 4 نومبر کو سکھ یاتریوں کے جتھے کے ہمراہ پاکستان آئی تھی، اور ویزے کی میعاد 13 نومبر تک تھی، لیکن وہ واپس بھارت نہیں گئیں۔ انہوں نے اسلام قبول کر کے پسند کی شادی کی تھی اور اپنا نام نور فاطمہ رکھ لیا تھا۔ سربجیت کور اور ناصر حسین کے درمیان رابطہ 2016 میں سوشل میڈیا کے ذریعے شروع ہوا تھا۔
