جنڈولہ سب ڈویژن میں صبح 6 سے شام 7 بجے تک کرفیو، تمام کاروبار بند، شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت
ضلع ٹانک کے سب ڈویژن جنڈولہ میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر آج صبح سے شام تک کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ اقدام علاقے میں ممکنہ خطرات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر ٹانک کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ جنڈولہ میں صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مکمل کرفیو نافذ رہے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، اس دوران تمام تجارتی مراکز، دکانیں اور دیگر کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند رہیں گی۔ شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ کوڑ سے جنڈولہ تک مین شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کرفیو کے دوران خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کرفیو کے نفاذ سے علاقے میں روزمرہ زندگی معطل ہو گئی ہے، جبکہ مقامی آبادی کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور سفری ضروریات میں دشواری کا سامنا ہے۔ تاہم، انتظامیہ نے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال کی بہتری کے بعد معمولاتِ زندگی جلد بحال کر دیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ ٹانک اور اس سے ملحقہ قبائلی علاقوں میں حالیہ دنوں کے دوران شدت پسندوں کی نقل و حرکت اور ممکنہ حملوں کی اطلاعات کے بعد سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں، اور اس سے قبل بھی ایسے اقدامات سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا چکے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے گھروں تک محدود رہیں۔