کراچی میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں بتدریج اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جہاں نجی اسپتالوں میں روزانہ متعدد مریض رپورٹ ہو رہے ہیں۔
معروف پلمونولوجسٹ (سانس کی بیماریوں کے ماہر) ڈاکٹر جاوید خان کے مطابق، شہر میں روزانہ تقریباً 8 سے 10 ایسے مریض سامنے آ رہے ہیں جو کورونا سے متاثر ہو کر اسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جاوید خان نے بتایا کہ متاثرین میں بعض افراد ایسے بھی شامل ہیں جن کا حالیہ دنوں میں سفر کا ریکارڈ موجود ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ زیادہ تر مریضوں کی حالت تشویشناک نہیں اور وہ معمولی علامات کے ساتھ اسپتال آتے ہیں۔
ڈاکٹر کے مطابق کورونا کی عام علامات میں بخار، کھانسی، نزلہ اور جسمانی درد شامل ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بنیادی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جن میں ہاتھوں کی صفائی کا خاص خیال رکھنا، ہجوم سے بچنا اور بیمار محسوس ہونے پر ماسک کا استعمال شامل ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ فی الحال صورتحال قابو میں ہے، لیکن وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عوام کا محتاط رہنا انتہائی ضروری ہے۔