اسلام آباد، مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے آرمی چیف سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے اعزاز سے نوازے جانے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز نہ صرف جنرل عاصم منیر کی عسکری خدمات کا اعتراف ہے بلکہ پوری قوم اور افواج پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔
اپنے بیان میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ فیلڈ مارشل کا رتبہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے قبل صرف جنرل ایوب خان کو 1959 میں ملا تھا، اور اب 66 سال بعد یہ منفرد اعزاز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دیا جانا ان کی قیادت، قربانیوں اور ملک کے دفاع میں غیر معمولی کردار کا ثبوت ہے۔
انہوں نے افواج پاکستان کی حالیہ کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، جنرل ساحر شمشاد، ایر چیف مارشل زہیر احمد بابر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے جس عزم، شجاعت اور ایمان کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا، وہ قابل فخر ہے۔
ان کے مطابق حالیہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کو واضح شکست دی، جو ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی غیرت کی دلیل ہے۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ یہ اعزاز پاکستان کے روشن مستقبل کا اشارہ ہے اور پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔