وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں کے بعد متاثرین کی فوری بحالی اور تحفظ کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے آبی گزرگاہوں پر قائم تجاوزات اور غیر قانونی آبادیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آئندہ سیلاب کے خطرات سے محفوظ رہا جا سکے۔
لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں کہ سیلاب متاثرین کے لیے ایک جامع اور فوری بحالی پیکیج تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کو صرف وقتی امداد نہیں، بلکہ پائیدار حل فراہم کیے جائیں تاکہ وہ دوبارہ اپنی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر ضلع میں ان متاثرہ خاندانوں کے لیے عارضی رہائش گاہیں (مارکیز) قائم کی جائیں گی، جن کے گھر مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ ان مارکیز میں مرد و خواتین کے لیے علیحدہ جگہ، صاف پانی، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے وعدہ کیا کہ سردیوں سے قبل ان خاندانوں کو محفوظ جگہوں پر منتقل کیا جائے گا۔
گجرات میں سیلاب نے تباہی مچادی،وزیر اعلیٰ مریم نواز آج دورہ کریں گی
مریم نواز نے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام میں سیلاب متاثرین کو بھی شامل کرنے کا اعلان کیا تاکہ انہیں مستقل رہائش فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک متاثرہ افراد کے گھر دوبارہ آباد نہیں ہو جاتے، وہ چین سے نہیں بیٹھیں گی۔
وزیراعلیٰ نے بحالی پیکیج کی بنیاد پر سروے کا عمل جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اس عمل میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے اور ڈیجیٹل ریکارڈنگ کا اہتمام کیا جائے۔ ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو سروے اور بحالی عمل کی نگرانی کرے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ، وزیراعلیٰ نے آبی گزرگاہوں کو ریڈ زون قرار دینے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ ندی نالوں، دریاؤں اور قدرتی راستوں پر بننے والی غیر قانونی تعمیرات ختم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعمیرات سیلابی پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بن کر تباہی کا باعث بنتی ہیں، جنہیں آئندہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو فلڈ مینجمنٹ کے حوالے سے ایک ماسٹر پلان کی ضرورت ہے، جو قلیل المدتی اور طویل المدتی دونوں قسم کی حکمت عملیوں پر مشتمل ہو۔ اس منصوبے سے نہ صرف حالیہ نقصانات کا ازالہ ہوگا بلکہ آئندہ قدرتی آفات کے خطرات سے بھی بچا جا سکے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا، "لوگوں کے گھر اجڑ چکے ہیں، ہم سکون سے کیسے بیٹھ سکتے ہیں؟ عوام کی امیدیں مجھ سے وابستہ ہیں، اور میں ان پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کروں گی۔”