30
راولپنڈی، برطانوی سفارتخانے کے نمائندوں نے اڈیالہ جیل میں قید ایک برطانوی نژاد قیدی سے نصف گھنٹے تک ملاقات کی۔
جیل ذرائع کے مطابق ملاقات کرنے والے برطانوی وفد میں دو خواتین، مس لالین اور مس سنینا، جبکہ ایک مرد سکیورٹی اہلکار ثاقب عباسی شامل تھے، وفد نے برطانوی شہریت رکھنے والے قیدی علی حسن سے ملاقات کی۔
علی حسن کو بین الاقوامی ضابطوں کے تحت قونصلر رسائی فراہم کی گئی تھی، جس کے تحت برطانوی وفد کو ملاقات کی اجازت دی گئی۔ ملاقات کے بعد سفارتی عملہ جیل سے واپس چلا گیا۔
سفارتی اہلکاروں نے علی حسن سے ان کی صحت، جیل میں دستیاب سہولیات اور قانونی صورتحال سے متعلق تفصیلات حاصل کیں، جبکہ ان کی خیریت بھی دریافت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات بین الاقوامی سفارتی قوانین کے تحت پُرامن ماحول میں انجام دی گئی۔