خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب ایک افسوسناک دھماکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں بس میں سوار چار معصوم بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب بچوں کو لے جانے والی ایک بس وہاں سے گزر رہی تھی، دھماکے کی شدت اس قدر تھی کہ آس پاس کے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ڈپٹی کمشنر خضدار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں 4 بچے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 35 دیگر بچے زخمی ہوئے ہیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ خضدار منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر موجود ہے تاکہ مزید خطرات کو ٹالا جا سکے، حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور مجرموں کو جلد بے نقاب کیا جائے گا، عوام سے بھی محتاط رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔