گوہر اعجاز کی قیادت میں کاروباری وفد کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، معاشی اصلاحات، شرحِ سود اور برآمدات پر گفتگو
راولپنڈی: ملک کی ممتاز کاروباری شخصیات نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں ملکی معیشت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز کی قیادت میں ہوئی، جس میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے چیئرمین کامران ارشد، ایس ایم تنویر، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) اور لاہور چیمبر آف کامرس کے صدور سمیت دیگر معروف کاروباری شخصیات شریک ہوئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات میں معاشی صورتحال، پالیسیوں کے تسلسل اور کاروباری ماحول سے متعلق تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گوہر اعجاز نے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو ملکی معیشت کے موجودہ منظرنامے پر بریفنگ دی گئی، جس میں کاروباری برادری کی طرف سے معاشی اصلاحات کے لیے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے آثار نظر آ رہے ہیں اور کاروباری طبقہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی حمایت کر رہا ہے۔ تاہم، کاروباری آسانیوں کو مزید فروغ دیا جانا ضروری ہے تاکہ سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھ سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ شرحِ سود کو مہنگائی کے تناسب سے کم کیا جائے اور وفاقی بجٹ میں کاروباری طبقے کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کا رخ برآمدات پر مبنی ماڈل کی طرف موڑا جا رہا ہے اور اس کے لیے بجٹ تقریر میں کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جانا چاہیے۔ گوہر اعجاز نے یہ بھی کہا کہ ملکی کپاس کی صنعت اور کسانوں کو تحفظ دینا ناگزیر ہے تاکہ زرعی و صنعتی ترقی میں توازن پیدا ہو۔
یاد رہے کہ کاروباری برادری ماضی میں بھی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتوں کے ذریعے معیشت پر مشاورت کرتی رہی ہے، جس کا مقصد نجی و عوامی شعبے کے درمیان اعتماد سازی کو فروغ دینا اور معاشی پالیسیوں میں شفافیت لانا رہا ہے۔