اسلام آباد، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائی کے بعد امریکا نے فوری طور پر سفارتی مداخلت کی۔
امریکی نشریاتی ادارے ’’سی این این‘‘ کو دیے گئے انٹرویو میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ان سے رابطہ کیا اور بتایا کہ بھارت جنگ بندی پر رضامند ہے، ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری نے بھی پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد فوری طور پر ردعمل دیا۔
اسحاق ڈار کے مطابق بھارتی قیادت کو پاک فوج کے مؤثر جواب سے یہ احساس ہوا کہ ان کے اندازے مکمل طور پر غلط تھے۔
نائب وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے صرف اس یقین دہانی پر جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی کہ بھارت آئندہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سے باز رہے گا۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ اگر بیرونی مخالفین سے صلح ممکن ہے تو اپنوں کے ساتھ مفاہمت کیوں نہیں ہوسکتی؟
میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر والدین کو قید رکھا جائے تو اولاد کب تک ساتھ دے گی؟ کب تک خوشی کی تقریبات میں شریک ہوگی اور آخر کیوں شریک ہو؟ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت قوم ایک مؤقف پر متحد ہے اور اس اتحاد کو استعمال کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی رہائی عمل میں آنی چاہیے۔