عمران خان کے علاج اور اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت کا مطالبہ:خواجہ سعد رفیق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بینائی متاثر ہونے سے متعلق خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ مسلسل سامنے آنے والی اطلاعات باعثِ فکر ہیں اور اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جیل چاہے سخت ہو یا نرم، قید انسان کی صحت پر اثرانداز ضرور ہوتی ہے۔ ان کے مطابق یہ ایک عمومی مشاہدہ بھی ہے اور ذاتی تجربہ بھی کہ قید کے دوران بیماریاں جنم لے سکتی ہیں یا شدت اختیار کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بینائی سے متعلق خبریں بار بار سامنے آ رہی ہیں، جو تشویش میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ بروقت اور مؤثر طبی علاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص قیدی ہو، حتیٰ کہ سیاسی مخالف ہی کیوں نہ ہو، تب بھی اس کے انسانی اور قانونی حقوق کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایسے موقع پر ماضی کے سیاسی اختلافات یا کسی دورِ حکومت میں پیش آنے والے واقعات کو دہرانا مناسب طرزِ عمل نہیں بلکہ معاملے کو انسانی بنیادوں پر دیکھا جانا چاہیے۔

عمران خان کی بینائی سے متعلق فیصلہ ڈاکٹر کریں گے، وکیل نہیں: طلال چوہدری

رہنما مسلم لیگ (ن) نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ ریاستی ادارے عمران خان کی میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر واضح اور مستند مؤقف جاری کریں تاکہ افواہوں کا خاتمہ ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ شفافیت اختیار کرنا ضروری ہے تاکہ عوام کو اصل صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ عمران خان کے اہلخانہ کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جانی چاہیے۔ ان کے بقول، بیمار قیدی کی اپنے خاندان سے ملاقات نہ صرف اخلاقی تقاضا ہے بلکہ انسانی ہمدردی کا بنیادی اصول بھی ہے۔ انہوں نے اس معاملے کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے انسانی نقطۂ نظر سے دیکھنے پر زور دیا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter