تحریک انصاف کے اجلاس سے لاعلم، عالیہ حمزہ کا پارٹی قیادت پر طنز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے مشترکہ پارلیمانی اجلاس سے لاعلمی کا اظہار کیا، قیادت کی مشاورت سے محروم رکھنے پر سخت سوالات اٹھا دیے

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے مشاورت میں شامل نہ کیے جانے پر حیرت اور ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مشترکہ پارلیمانی اجلاس اور اس میں بنائے گئے 90 روزہ تحریک کے لائحہ عمل سے مکمل لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

latest urdu news

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ردِعمل میں عالیہ حمزہ نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ انہیں پچھلے دو دن سے کچھ ایسی "مصروفیات” میں مبتلا دکھایا جا رہا ہے جن سے وہ خود بھی واقف نہیں ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کوئی انہیں بتائے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے آخر کس حکمت عملی کا اعلان کیا گیا ہے؟ کون سی تحریک کہاں سے چلائی جا رہی ہے؟ اور آخرکار 90 دن کا پلان کہاں سے نمودار ہوا؟

عالیہ حمزہ نے مزید کہا کہ چیئرمین بیرسٹر گوہر، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا، جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ اور اپوزیشن لیڈر کی طرف سے طے کردہ کسی پلان یا مشاورت میں انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، حالانکہ وہ پارٹی کی ایک مرکزی اور اہم عہدیدار ہیں۔

پی ٹی آئی نے 5 ارکان قومی اسمبلی کو پارٹی سے نکال دیا

واضح رہے کہ آج پریس کانفرنس کے دوران جب ان کی غیر موجودگی پر سوال کیا گیا تو جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ عالیہ حمزہ اپنی مصروفیات کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہو سکیں۔ تاہم عالیہ حمزہ کی جانب سے اس بیان پر براہِ راست تنقید سامنے آئی اور انہوں نے اس وضاحت کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بانی چیئرمین کی رہائی کے لیے 90 روزہ ملک گیر تحریک کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم پارٹی کے اندرونی اختلافات ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گئے ہیں، جس سے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے اور مشاورت کے طریقہ کار پر سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter