ملک بھر میں 78واں یوم آزادی جوش و ولولے کے ساتھ منایا جار ہا ہے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان کا 78واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کے آغاز پر اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ نمازِ فجر میں ملکی ترقی، خوشحالی، امن اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

رات 12 بجتے ہی آزادی کا جشن شروع ہوا، ہر شہر، گلی اور محلہ سبز ہلالی پرچموں سے سجا، روشنیوں کا اہتمام کیا گیا اور شاندار آتش بازی ہوئی۔ شہری ریلیوں کی صورت میں سڑکوں پر نکل آئے اور قومی ترانوں کی گونج کے ساتھ وطن سے محبت کا اظہار کرتے رہے۔

latest urdu news

اسلام آباد کے جناح اسپورٹس کمپلیکس میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کی فتح کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی کابینہ، پارلیمنٹ کے ارکان، دوست ممالک کے سفارتکار اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تقریب میں مسلح افواج، رینجرز اور ایف سی خیبرپختونخوا کے دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ کیا، جبکہ وزیراعظم نے یادگارِ معرکہ حق کے ماڈل کی نقاب کشائی بھی کی۔ مزارِ قائد کراچی اور مزارِ اقبال لاہور میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات بھی منعقد ہوئیں۔

پاکستان میں سب کو سیاست کا حق ہے، بغاوت کا نہیں: وزیراعظم شہباز شریف

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں یومِ آزادی کو قربانیوں، جرات اور اتحاد کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی بلاجواز جارحیت کا جواب ہم نے حکمت اور طاقت سے دیا، اور دنیا پاکستان کو امن پسند مگر دباؤ کے آگے نہ جھکنے والا ملک تسلیم کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ آزادی پاکستان کی وحدت اور روشن مستقبل کے عزم کی علامت ہے، اور افواج پاکستان اس دن کو وطن کے بانیوں اور شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مناتی ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان 14 اگست 1947 کو آزادی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا، اور ہر سال یہ دن قومی یکجہتی، حب الوطنی اور قربانیوں کی یاد تازہ کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter