مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی اسٹیبلشمنٹ سے ملاقات کی تصدیق کر دی۔
پشاور، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کی جانب سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی اسٹیبلشمنٹ سے ملاقات کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی اسٹیبلشمنٹ سے ملاقات سوموار کی رات ہوئی، ملاقات کیلئے اسٹیبلشمنٹ نے خود رابطہ کیا تھا، اس موقع پر صوبے کی سکیورٹی اور سیاسی صورتحال پر بات ہوئی۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور اپنی تقریر پر کھڑے ہیں اور پارٹی بھی ان کے ساتھ بھرپور انداز میں کھڑی ہے۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا یہ کہنا تھا کہ متنازع تقاریر اور قراردادوں سے اسٹیبلشمنٹ سے تناؤ بڑھنے کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا، وفاقی حکومت کا دل ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کے درمیان یہ تناؤ بڑھے۔
دوسری جانب نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف کا یہ کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور چار دیواری میں الگ زبان استعمال کرتے ہیں اور اسٹیج پر آکر مولا جٹ بن جاتے ہیں، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کے دوران تو وہ پوری شوگر مل بنے ہوئے تھے۔
وزیر دفاع کا یہ کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت خاص طور پر خیبر پختونخوا کے رہنما نہیں چاہتے ہیں کہ سابق وزیراعظم عمران خان جیل سے باہر آئیں۔ یہ سب ایک دوسرے کو استعمال کر رہے ہیں۔