جمعرات, 24 اپریل , 2025

متنازع کینالز منصوبہ: عوام میں گہری تشویش پائی جارہی ہے، شاہد خاقان عباسی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نہری منصوبے کے حوالے سے عوام میں گہری تشویش پائی جاتی ہے، سندھ میں احتجاج شدت اختیار کر چکا ہے، مگر مسئلے کے حل کی کوئی سنجیدہ کوشش نظر نہیں آ رہی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے زور دیا کہ اس حساس معاملے پر فوری طور پر مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس بلایا جائے۔

latest urdu news

ان کے مطابق، اس مسئلے پر بات چیت کا مناسب پلیٹ فارم قومی اسمبلی اور سینیٹ ہے، اور جتنا زیادہ تاخیر ہوگی، عوام میں بداعتمادی اور شبہات بڑھتے جائیں گے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ پیپلزپارٹی بھی وفاقی حکومت کا حصہ ہے، لہٰذا اس مسئلے کو سنجیدگی سے لینا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اصل مسئلہ ہے کیا اور اس کے عوام پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

نیب کے کردار پر بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب کا مقصد کرپشن ختم کرنا نہیں بلکہ صرف سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانا ہے، کل کا کرپٹ آج کا حکمران اور آج کا حکمران کل کا کرپٹ بن جاتا ہے، انہوں نے طنزاً کہا کہ نیب آج تک کسی بھی سیاستدان پر کرپشن ثابت نہیں کرسکا۔

معاشی مسائل پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، جس کا اثر پاکستان پر بھی آتا ہے۔

گندم کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسان کی محنت کو ضائع کیا جا رہا ہے کیونکہ سرکار ان کی پیداوار نہیں خرید رہی، اور کل ہمیں دوبارہ گندم درآمد کرنی پڑے گی۔

انہوں نے گندم کی قیمتوں میں تضاد پر بھی بات کی کہ پہلے قیمت 2200 روپے فی من مقرر کی، پھر 4000 کا اعلان کیا، مگر وہ بھی نافذ نہ کر سکے، آخرکار 2900 روپے پر آ گئے۔

لاپتہ افراد کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی جمہوری اور آئینی ملک میں مسنگ پرسنز جیسا عمل ناقابل قبول ہے، ہم حقائق عوام سے چھپاتے ہیں، جبکہ انہیں سامنے آنا چاہیے تاکہ اعتماد بحال ہو۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter